دفتری اوقات میں نجی ملاقاتوں سے کام متاثر ہوتا ہے:آفس آرڈر میں انتظامیہ کا مؤقف
اسلام آباد ( آن لائن ) سپریم کورٹ آف پاکستان کی انتظامیہ نے ملازمین سے دفتری اوقات میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ دفتری اوقات کے دوران نجی ملاقاتوں کی وجہ سے سرکاری کام متاثر ہوتا ہے، اس لیے آئندہ کسی بھی ملازم کو پرائیویٹ شہری سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔ آفس آرڈر کے مطابق، اگر ملاقات انتہائی ضروری ہو تو ملازم کو اپنے سینیئر افسر سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی، اور ملاقات صرف سہولت مرکز میں زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ کے لیے کی جا سکے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔