لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے اہم گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دوران وزٹ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ سکیورٹی پر مامور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دینے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ منتظمین سے ملاقات کی گئی جبکہ ایس ایچ اوز نے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق گرجا گھروں میں عبادت کے لیے آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پارکنگ کو گرجا گھروں سے دور مناسب فاصلے پر بنایا گیا ہے۔ مشکوک افراد اور لاوارث سامان پر کڑی نظر رکھنے اور فوری طور پر افسران کو اطلاع دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گرجا گھروں کے گرد و نواح سمیت اہم مقامات پر موثر پیٹرولنگ جاری ہے اور تمام گرجا گھروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔