ریسکیو1122 نے شدید زخمی 639 افراد کو ہسپتال منتقل کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1275 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 639 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 857 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77 فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان حادثات میں 858 ڈرائیور، 70 کم عمر ڈرائیور، 525 مسافر اور 129 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 226 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 280 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 109 حادثات میں 121 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 85 حادثات میں 104 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان حادثات کے کل 1317 متاثرین میں 1256 مرد اور 262 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 320 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 785 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 407 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان حادثات کے بیشتر واقعات میں 1291 موٹرسائیکلز، 100 آٹورکشے، 127 کاریں، 30 وین، 19 مسافر بسیں، 38 ٹرک اور 124 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔