حادثات میں موٹر سائیکلیں سرفہرست، کم عمر ڈرائیوروں سمیت ہزاروں افراد متاثر
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1507 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 704 افراد شدید زخمی ہوگئے ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا، جبکہ 960 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی گئی، جس سے اسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ان حادثات میں تقریباً 80 فیصد واقعات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے، جس کے پیش نظر شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑکوں پر لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کے اعدادوشمار کے مطابق حادثات میں 953 ڈرائیور، 93 کم عمر ڈرائیور، 5285 مسافر اور 197 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم کو 236 حادثات کی کالز موصول ہوئیں، جبکہ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے لاہور 290 افراد کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 102 حادثات اور 112 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ ملتان 80 حادثات اور 94 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر 1750 متاثرین میں 1397 مرد اور 353 خواتین شامل تھیں۔ زخمیوں میں 350 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 839 کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 489 افراد کی عمر 40 سال سے زیادہ تھی۔ حادثات میں 1630 موٹر سائیکلیں، 108 آٹو رکشے، 146 کاریں، 31 وینز، 9 مسافر بسیں، 42 ٹرک اور 76 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔