میڈیا فالج کے خلاف آگاہی مہم میں کردار ادا کرے: پروفیسر آصف بشیر قاسم بشیر
لاہور ( کرائم رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز (PINS) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر اور معروف نیورو فزیشن پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے اعلان کیا ہے کہ 18 اگست 2025 کو بشیر آڈیٹوریم لاہور میں اسٹروک آگاہی تقریب منعقد ہوگی۔ اس موقع پر پاکستان کی پہلی الیکٹرک اسٹروک ایمبولینس، پہلی صوبائی اسٹروک آگاہی ویڈیو اور مریضوں کے علاج کے لیے جدید سہولیات کی رونمائی کی جائے گی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SH&MED) خواجہ سلمان رفیق ہوں گے۔ اس موقع پر صوبائی اسٹروک مینجمنٹ ماہرین فالج کی علامات، بروقت تشخیص، جدید علاج اور بچا ئو کے طریقوں پر اپنے تجربات اور تجاویز پیش کریں گے۔پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے کہا کہ پہلی صوبائی اسٹروک آگاہی ویڈیو کا اجرا عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ پاکستان میں پہلی بار الیکٹرک اسٹروک ایمبولینس متعارف کرانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مریضوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں نہ صرف مریضوں کی فوری دیکھ بھال کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ریسکیو 1122 اور مخیر شخصیات کی شمولیت سے اسٹروک آگاہی مہم کو مزید وسعت بھی دی جائے گی۔پروفیسر آصف بشیر اور پروفیسر قاسم بشیر نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم کا حصہ بنیں اور طبی ماہرین کے ساتھ مل کر معاشرے میں فالج کے خلاف آواز بلند کریں، آگاہی پھیلائیں اور قیمتی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔