لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کی درخواست پر سماعت کی، جس میں شہباز شریف کے 10 ارب روپے کے ہتک عزت کے دعوے پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا، لیکن قانون کے مطابق ڈسٹرکٹ جج کو اتنی بڑی رقم کے دعوے کی سماعت کا اختیار نہیں۔ وکیل نے مؤقف دیا کہ ڈسٹرکٹ جج صرف پانچ کروڑ روپے تک کے ہتک عزت دعوے سن سکتا ہے، جبکہ 10 ارب روپے کا مقدمہ سننے کے لیے ہائیکورٹ کو ڈسٹرکٹ کورٹ کو باقاعدہ نوٹیفائی کرنا ہوتا ہے۔وکیل نے عدالت کے سامنے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے بھی پیش کیے اور درخواست میں استدعا کی کہ عدالت ڈسٹرکٹ جج کو ہتک عزت کیس کی سماعت سے روکے اور اس معاملے کے لیے باقاعدہ طور پر ڈسٹرکٹ کورٹ تشکیل دینے کا حکم دے۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو آئندہ چند روز میں سنایا جائے گا۔