ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور اسٹیٹ بینک ایکسچینج ریٹ اور شرح سود پر کام کررہا ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
وہ پاکستان ہندو کونسل کے تحت ایکسپو سینٹر کراچی میں ملازمت و تعلیمی ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس ایکسپو میں مختلف تعلیمی اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لیے تقریباً 120 اسٹالز لگائے گئے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اس جاب فیئر میں ملک کی مستقبل کی قیادت سے ملاقات کا موقع ملا ہے۔ سرکاری و نجی ادارے موجود ہیں لیکن کارپوریٹ سیکٹر کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا ہوگا، بہترین کارکردگی اور مسلسل جستجو ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، نمو کو پائیدار بنانے کے لیے کارپوریٹ سیکٹر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کا کام ماحول فراہم کرنا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کامیابی سے کام کررہی ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم مصنوعی ذہانت (AI) کی دنیا کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اس میں کسی قسم کے شکوک و شبہات کی گنجائش نہیں۔ اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن باصلاحیت نوجوانوں پر اس کا اثر نہیں پڑتا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تین بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کے بارے میں مثبت رائے دے رہی ہیں اور معاشی استحکام کے ساتھ مستقبل مزید روشن نظر آرہا ہے۔