شرح سود میں کمی سیلابی نقصانات اور آئی ایم ایف جائزے سے مشروط ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

شرح سود میں کمی سیلابی نقصانات اور آئی ایم ایف جائزے سے مشروط ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں شرح سود میں کمی کا فیصلہ موجودہ معاشی حالات، سیلاب کے نقصانات اور آئی ایم ایف کے جائزے کے نتائج پر منحصر ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ مہنگائی کی شرح قلیل مدت میں مرکزی بینک کے مقرر کردہ ہدف (5 سے 7 فیصد) سے کچھ زیادہ رہ سکتی ہے، تاہم طویل مدت میں مہنگائی مجموعی طور پر ہدف کے اندر آنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی سخت مانیٹری پالیسی نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے میں اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور مستقبل میں بھی اس پالیسی کے مثبت اثرات برقرار رہیں گے۔گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری اور مالیاتی پالیسیوں میں ہم آہنگی نے معیشت کو استحکام دینے میں مدد دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں تبدیلی کا فیصلہ اس وقت کیا جائے گا جب اس کے لیے معاشی اعداد و شمار، زرِمبادلہ کے ذخائر، مالیاتی خسارے اور عالمی معاشی رجحانات موزوں ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے نقصانات اور آئی ایم ایف پروگرام کے آئندہ جائزے کے نتائج بھی پالیسی ریٹ کے فیصلے میں اہم کردار ادا کریں گے۔معاشی ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں مہنگائی میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے، اور مالیاتی پالیسی کمیٹی آئندہ اجلاس میں شرح سود کے حوالے سے اہم فیصلہ کر سکتی ہے۔