وزیراعلیٰ مریم نواز نے جاپان کے تجارتی و ثقافتی شہر یوکوہاما کا سرکاری دورہ کیا

وزیراعلیٰ مریم نواز نے جاپان کے تجارتی و ثقافتی شہر یوکوہاما کا سرکاری دورہ کیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے سرکاری دورے کے دوران یوکوہاما شہر کی تاریخی عمارت ’’ریڈ برِک ویئرہاؤس‘‘ کا معائنہ کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے عمارت کی تاریخی اہمیت اور ثقافتی ورثے کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویئرہاؤس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جو بندرگاہ کے قریب واقع ایک قدیم اور تاریخی عمارت ہے۔ اس عمارت کو نیوپورٹ پیئر بندڈ ویئرہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ وزیراعلٰی نے وہاں بچوں کے لیے قائم کردہ ہنرمندی کے مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں بچوں کو کاغذ اور دیگر اشیاء سے تخلیقی کام سکھایا جاتا ہے۔اس دوران بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے مختلف مظاہرے پیش کیے، جنہیں دیکھ کر مریم نواز نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے ساتھ بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یوکوہاما میں کمیونٹی ویلفیئر اور ثقافتی ورثے کے اس ماڈل کو پنجاب میں بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ’’ریڈ برِک ویئرہاؤس‘‘ کی انتظامیہ کی کاوشوں اور منصوبہ بندی کو بھی سراہا اور ان کے بہترین اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔یہ دورہ مریم نواز کے پانچ روزہ سرکاری دورے کے دوران شہری ترقی، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی و کمیونٹی پروگرامز کے مطالعے کا حصہ ہے۔