وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں اسپین کے سفیر کارلوس ارگون گل ڈی لا سرنا نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور اسپین کے درمیان تجارتی، کاروباری، ثقافتی اور ماحولیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے اسپین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی سفارتی خدمات کو سراہا اور فٹ بال ورلڈ کپ میں اسپین کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران پنجاب اور اسپین کے درمیان کاروباری و تجارتی مواقع کا جائزہ لیا گیا، جبکہ تجارتی روابط مزید بڑھانے کے لیے پنجاب اسپین بزنس کونسل کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اسپین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔دونوں جانب سے ماحولیاتی چیلنجز، بالخصوص فضائی آلودگی اور ہیٹ ویوز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسپین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ملاقات میں لاہور اور بارسلونا کے درمیان سسٹر سٹیز تعلقات قائم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ مریم نواز نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اسپین کے اقدام کو بھی سراہا۔ملاقات کے اختتام پر پنجاب اور اسپین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔