نائیجیریا میں کشتی حادثہ، درجنوں افراد لاپتہ

نائیجیریا میں کشتی حادثہ، درجنوں افراد لاپتہ

ویب ڈیسک: نائیجیریا میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دریا میں کشتی الٹنے سے 50 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے۔

یہ واقعہ شمال مغربی ریاست سکوٹو میں پیش آیا جہاں کشتی میں مسافروں کی تعداد گنجائش سے کہیں زیادہ تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت کشتی میں درجنوں افراد سوار تھے۔ نائیجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (NEMA) نے سوشل میڈیا پر اپنے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ اب تک 10 مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ کشتی میں گنجائش سے زائد افراد کا سوار ہونا تھا، جس کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور دریا میں الٹ گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار لاپتہ افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متعدد افراد کے ڈوبنے کا امکان ہے۔ نائیجیریا میں اس سے قبل بھی کشتیوں کے حادثات زیادہ تر اسی وجہ سے پیش آتے ہیں کہ ان میں مقررہ حد سے زیادہ مسافر اور سامان سوار کیا جاتا ہے۔