ابوجا: جنوبی نائیجیریا میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 24 دیگر کو زندہ بچا لیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار افراد ایک کمیونٹی سے دوسری کمیونٹی میں تدفین کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ نائیجیریا کی جنوبی ریاست بایلسا میں پیش آیا، جہاں جنازے میں شرکت کے لیے لوگوں کو لے جانے والی کشتی اچانک الٹ کر پانی میں ڈوب گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کشتی میں سوار متعدد افراد پانی میں جا گرے۔نائیجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان منزو ایزکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کشتی ایک کمیونٹی سے دوسری کمیونٹی کی جانب جا رہی تھی، جہاں مسافروں نے تدفین کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔ترجمان کے مطابق حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کا آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو ٹیمیں پانی میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال لاپتہ افراد کی حتمی تعداد نہیں بتائی گئی۔دوسری جانب پولیس ترجمان موسیٰ محمد نے بتایا کہ حادثے کے بعد 24 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، تاہم انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے منتقل کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کے وقت کشتی میں مجموعی طور پر کتنے مسافر سوار تھے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔