اوستہ محمد میں پولیس وین پر دستی بم حملہ، 6 افراد زخمی

اوستہ محمد میں پولیس وین پر دستی بم حملہ، 6 افراد زخمی

اوستہ محمد (ویب ڈیسک) : اوستہ محمد کے علاقے میں پولیس وین پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 2 راہگیر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ سٹی کی حدود ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے باعث قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار عبدالنبی، قادر بخش، عبداللہ، بہرام اور دیگر شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور ابتدائی شواہد کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔علاقے کے عوام نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہر میں امن قائم رہے۔