اداکارہ صبا قمر کی طبیعت ناساز، دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

اداکارہ صبا قمر کی طبیعت ناساز، دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

ویب ڈیسک: پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے دو ہفتے قبل شوٹنگ کے دوران طبیعت بگڑنے اور اسپتال میں داخل ہونے کے بعد اب اپنے کام پر واپسی کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یکم اگست کو شوٹنگ کے دوران صبا قمر کو دل میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے باعث وہ اچانک بے ہوش ہوگئیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی انجیوگرافی بھی کی۔ بعد ازاں اداکارہ نے اپنے مداحوں کو انسٹاگرام کے ذریعے پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ وہ بہتر محسوس کر رہی ہیں اور جلد ہی دوبارہ شوٹنگ شروع کریں گی۔صبا قمر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طبیعت کی خرابی کی اصل وجہ شدید ذہنی دباؤ، دل شکستگی اور صدمات تھے۔ انہوں نے لوگوں کو نصیحت کی کہ وہ زندگی کے تکلیف دہ تجربات یا صدمات کو دل میں دبائے رکھنے کے بجائے ان کا اظہار کریں تاکہ ذہنی اور جسمانی صحت متاثر نہ ہو۔اب اداکارہ نے دوبارہ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی ہے کہ وہ تقریباً دو ہفتے بعد ایک نئے منصوبے پر کام شروع کر رہی ہیں۔

 انہوں نے لکھا:“میں اپنے نئے پروجیکٹ کے لیے بے حد پرجوش ہوں اور ہمیشہ کی طرح اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔ اگرچہ میں ابھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئی لیکن الحمدللہ میری طبیعت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔”انہوں نے اپنے چاہنے والوں کی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا تاہم اپنے نئے پروجیکٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔صبا قمر کا شمار پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اپنی شاندار اداکاری سے نام بنایا ہے اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ ان کی صحتیابی اور کام پر واپسی کی خبر پر مداحوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔