عبدالقیوم نیازی کو ضمانت مل گئی ، وارنٹ گرفتاری منسوخ

سابق وزیراعظم آزادکشمیر انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے 
 پی ٹی آئی کے گرفتار 40سے زائد ارکان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا
اسلام آباد،لاہور(خصوصی رپورٹ)انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج محمد علی وڑائچ نے26 نومبر احتجاج کیس میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔ سردار عبد القیوم نیازی گزشتہ روز عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کے تھانہ کراچی کمپنی میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے،انہوں نے پشاورہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان الدین کی عدالت نے فیصل ایونیو کے مقام پراحتجاج اور نعرے بازی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ میں گرفتار پی ٹی آئی کے40سے زائد کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ،پولیس نے 10 دن روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم وکیل صفائی نے اس کی بھرپور مخالفت کی۔اسی عدالت نے فیض آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی کے گرفتار 23 کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پرنوٹس جاری کردئیے اورسماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔ لاہور کی 2انسداددہشت گردی عدالتوں کے ججز نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں مقدمات کی سماعت کی۔نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چار مقدمات میں پراسکیوشن کے مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے ،عدالت نے وکلا کو جرح کیلئے 18 اگست کو طلب کرلیا۔شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزموں کوعدالت میں پیش کیاگیا۔