یہ فیچر آئندہ ہفتے سے دستیاب، صارفین اپنی سفری خواہشات عام زبان میں لکھ سکیں گے
واشنگٹن (آئی این پی )گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فلائٹس سروس میں ایک نیا اے آئی فیچر فلائٹ ڈیلز متعارف کرا رہا ہے، جس کا مقصد بجٹ پر سفر کرنے والوں کو سستے ٹکٹ تلاش کرنے میں مدد دینا ہے۔یہ فیچر مختلف ممالک میں آئندہ ہفتے سے دستیاب ہوگا۔ اس کے ذریعے صارفین صرف اپنی سفری خواہشات عام زبان میں لکھ سکیں گے، جیسے کسی دوست سے بات کر رہے ہوں۔ مثال کے طور پر کوئی لکھے کہ میں اگلے مہینے دبئی جانا چاہتا ہوں، سب سے سستی فلائٹ دکھائیں، تو یہ فیچر فورا مناسب اور سستی فلائٹس کی فہرست فراہم کرے گا۔گوگل کے مطابق، اب صارفین کو بار بار تاریخیں اور فلٹرز بدلنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ اے آئی خودکار طریقے سے کم قیمت آپشنز سامنے لے آئے گا۔ یہ فیچر فلائٹ کی اصل قیمتوں کو ریئل ٹائم میں دیکھ کر سب سے بڑی بچت والے ٹکٹ تجویز کرے گا۔اس سروس کے لئے کسی خاص سائن اپ یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ صارفین براہِ راست گوگل فلائٹس کے فلائٹ ڈیلز پیج یا مینو سے اس کو استعمال کر سکیں گے۔