اسرائیل کا طاقت کے زور پر فلسطینیوں کو جنوبی غزہ میں دھکیلنے کا فیصلہ

 شمالی غزہ کے شہریوں کو جنوب میں منتقل کرکے خیمے اور دیگر سامان اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا
غزہ، تل ابیب،پیرس (آئی  این پی )اسرائیل نے فلسطینیوں کو جبرا 'جنگی مقامات' سے نکال کر جنوبی غزہ میں دھکیلنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب اسرائیل نے گزشتہ دنوں غزہ پر قبضے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ پر قبضہ کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل شمالی غزہ سے 10 لاکھ سے زائد فلسطینی شہریوں کو جبرا جنوبی غزہ میں دھکیل رہا ہے۔اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ کے شہریوں کو جنوب میں منتقل کرکے خیمے اور دیگر سامان اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے اسرائیلی منصوبے یا شہریوں کو امدادی سامان فراہم کرنے کے مبینہ کردار پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کے ال عہلی اسپتال پر حملہ کرکے 7 فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں غذائی قلت سے مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ غزہ میں غذائی قلت سے اموات 251 ہو گئی ہیں جن میں 108 بچے بھی شامل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق کل اسرائیلی حملوں میں امداد کے منتظر 14 افراد سمیت 31 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔  ادھر فرانسیسی حکام نے ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کو فلسطین کے حق میں نعرہ لگانے پر ڈیوٹی سے معطل کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے اسرائیلی پائلٹس سے رابطے کے دوران فری فلسطین کہا جس پر حکام نے انہیں معطل کردیا۔