جونسبرگ(آئی این پی )جنوبی افریقہ نے کہا ہے کہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 153 فلسطینیوں کی اچانک آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کا صفایا کرنے کا ایک واضح ایجنڈا موجود ہے ۔وزیر خارجہ رونالڈ لامولا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی افریقی حکومت کے طور پر اس طیارے کی آمد کے حالات پر شکوک رکھتے ہیں جنوبی افریقی بارڈر پولیس نے اس گروپ کو 12 گھنٹے تک طیارے ہی میں رکھا جس کے بعد صدر سیرل رامافوسا نے انہیں 90 روزہ ویزا استثنی کے تحت ملک میں داخلے کی اجازت دی بعد میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایک طیارہ 28 اکتوبر کو 176 فلسطینیوں کو لے کر آیا تھا جن کی امداد کرنے والی فلاحی تنظیم گفٹ آف دی گیورز نے اس کی تصدیق کی۔ وزیرخارجہ رونالڈ لامولا کا کہنا تھا کہ ہم مزید پروازیں نہیں چاہتے کیونکہ یہ غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کا صفایا کرنے کے ایک واضح ایجنڈے کی نشاندہی کرتا ہے جس کی جنوبی افریقہ مخالفت کرتا ہے