7 ستمبر کو بلڈ مون سرخ چاند گرہن کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا

پاکستان سمیت دنیا بھر آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوجائے گا
 8 بج کر28 منٹ پر شروع ،رات ایک بج کر55 منٹ تک5 گھنٹے برقرار رہے گا
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں 7 ستمبر کو بلڈ مون  سرخ چاند گرہن کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2025 کا دوسرا چاند گرہن 7 ستمبر کو ہوگا، اس موقع پر  آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوجائے گا، جسے بلڈ مون کہا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ چاند گرہن اس لیے خاص ہوگا کیونکہ اسے لگ بھگ دنیا کا ہر فرد دیکھ سکے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ چاند گرہن دنیا بھر کے اربوں انسان دیکھ سکیں گے تاہم امریکا کے کئی علاقوں میں یہ نظارہ نہیں دیکھا جاسکے گا۔رپورٹ کے مطابق چاند گرہن دنیا کی 77 فیصد آبادی کیلئے دیکھنا ممکن ہوگا جو کہ حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے گرہن میں سے ایک ہوگا۔  یہ مکمل چاند گرہن ہوگا جو کہ عموما 18 ماہ میں ایک بار دیکھنے میں آتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ چاند گرہن سرخ رنگ کا ہونے کی بنا پر منفرد ہوگا۔رپورٹ کے مطابق چاند گرہن 7 ستمبر کی شب 8 بج کر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور رات ایک بج کر 55 منٹ تک تقریبا 5 گھنٹے برقرار رہے گا، اس دوران 82 منٹ تک مکمل گرہن ہوگا۔