امریکا اور یوکرین کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون، یادداشت پر دستخط

امریکا اور یوکرین کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون، یادداشت پر دستخط

امریکا اور یوکرین نے معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔

 یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور یوکرین کی جنگ کے بعد تعمیر نو کے عمل میں معاونت کے تحت کیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یوکرین کی اوّل نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ اقتصادیات یولا سویریڈینکو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اس معاہدے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مفاہمتی یادداشت یوکرین میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتی ہے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بنے گی۔یولا سویریڈینکو نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف معدنیات کے شعبے میں تعاون کی راہ ہموار کرے گا بلکہ یوکرین کی تعمیرِ نو کے لیے خصوصی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کی بنیاد بھی رکھے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ امریکی سرمایہ کاری یوکرین کی خودمختاری، آزادی اور سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے، اور اس یادداشت میں دونوں اقوام کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ مل کر ایک محفوظ اور مستحکم یوکرین کی تعمیر میں کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ یوکرین میں قدرتی وسائل، بالخصوص نایاب معدنیات، کی بڑی مقدار موجود ہے، جن کی عالمی سطح پر مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی کوشش ہے کہ ان وسائل کو محفوظ طریقے سے ترقی دے کر یوکرین کو اقتصادی طور پر مضبوط کیا جائے اور اسے روسی اثر و رسوخ سے آزاد رکھا جا سکے۔