یوکرین معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرے گا:ڈونلڈ ٹرمپ

یوکرین معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرے گا:ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے اچھے نتائج کی توقع ہے اور یوکرین معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرے گا۔

ٹرمپ نے یوکرین کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ وہ روس پر ٹیرف سے متعلق متعدد معاملات پر غور کر رہے ہیں اور یوکرین کے مسئلے پر سعودی عرب سے اچھے نتائج کی توقع رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں امن چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یوکرین بھی امن کا خواہش مند ہو، تاہم یوکرین نے امن کے حوالے سے وہ اقدامات نہیں کیے جو کرنے چاہئیں تھے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس، چین اور ایران فوجی مشقوں سے بالکل پریشان نہیں ہیں۔

اس سے قبل یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے امریکا اور یوکرین کے درمیان بات چیت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ یہ مذاکرات آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے پاس ڈیل کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب میں اپنے دوروں کی تصدیق کی ہے، تاہم ٹرمپ نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا وہ زیلنسکی سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔