ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے حالیہ ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی اسلامی دنیا کے مفاد میں معاون ثابت ہوگی اور خطے میں متعدد مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکتی ہیں اس ملاقات کے دوران سعودی وزیرِ دفاع نے سعودی قیادت کی نیک تمناؤں کا پیغام ایرانی صدر تک پہنچایا۔ یہ ملاقات ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک نے مارچ 2023 میں چینی ثالثی کے ذریعے سات سال کی دشمنی کے بعد اپنے تعلقات کو دوبارہ قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
اس سے قبل، ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان سے دوحہ میں ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ایرانی صدر نے سعودی عرب کے اسرائیل مخالف موقف کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے پر زور دیا۔