پاکستان، ترکیہ اور مملکت سعودی عرب کے درمیان اجتماعی سلامتی کا معاہدہ دہائیوں پر محیط تاریخی تعلقات اور باہمی اعتماد کا ایک اہم اور فطری ارتقا قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ تعلقات قیامِ پاکستان سے بھی پہلے سے قائم ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور قریبی اسٹریٹجک، سیاسی، اقتصادی اور عوامی روابط موجود ہیں۔موجودہ دور میں خطہ ایک بڑی اسٹریٹجک تبدیلی اور متعدد خطرات سے گزر رہا ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی فریم ورک علاقائی استحکام برقرار رکھنے اور اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔معاہدے کے تحت کسی ایک رکن پر بیرونی حملے کو تینوں ممالک کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔ تاہم یہ دفاعی معاہدہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں بلکہ ممکنہ تنازعات کی روک تھام، امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے ہے۔
اس سہ فریقی دفاعی معاہدے کو ’مسلم نیٹو‘ قرار دینا درست نہیں، جبکہ یہ کسی قسم کی ایٹمی ضمانت بھی فراہم نہیں کرتا۔ اس کا بنیادی مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی سلامتی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔