آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے فرانس اور برطانیہ تیار ہیں، میکرون کا اعلان

آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے فرانس اور برطانیہ تیار ہیں، میکرون کا اعلان

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ فرانس اور برطانیہ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا مشترکہ فوجی مشن مکمل طور پر تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی اور ممکنہ امن معاہدے کے بعد خطے کی اہم بحری گزرگاہوں کو دوبارہ معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ایمانوئل میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ فرانس اور برطانیہ کے مشترکہ مشن کے تمام ضروری وسائل اور عسکری اثاثے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی وقت تعیناتی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی مکمل بحالی، بغیر کسی رکاوٹ اور اضافی فیس یا ٹول کے، خطے کے استحکام اور عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔میکرون کے مطابق دنیا کی توانائی کی سپلائی اور بین الاقوامی تجارت کا ایک بڑا حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے، اس لیے اس اہم بحری گزرگاہ کا کھلا اور محفوظ رہنا عالمی اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدہ کامیاب ہوتا ہے تو خطے میں بحری سرگرمیوں کی بحالی اور تیل کی ترسیل میں بہتری کے امکانات بڑھ جائیں گے، جس سے عالمی منڈیوں خصوصاً تیل کی قیمتوں پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے، اور حالیہ کشیدگی کے دوران اس کی بندش کے خدشات نے عالمی توانائی منڈیوں میں بے چینی پیدا کی تھی۔