کراچی کے علاقے انڈہ موڑ کے قریب کچی آبادی میں گیس لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور 10 سالہ بچی جھلس کر زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ نارتھ کراچی کی سرسید تھانے کی حدود بدھ بازار کے عقب والی گلی میں مکان نمبر 73 میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، کمرے کے اندر چولہا جلانے کے دوران گیس لیکیج کی وجہ سے آگ لگ گئی، جس سے 30 سالہ علی رضا، اس کی اہلیہ 28 سالہ فائزہ اور 10 سالہ بیٹی مریم زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، گھر کے اندر چولہا بند کرنا بھولنے کی وجہ سے صبح ماچس جلانے پر آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد جھلس گئے۔ تاہم، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔