ویب ڈیسک: محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں اتوار، 20 اپریل سے درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے جس کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 20 سے 23 اپریل کے دوران شہر قائد میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق اس دوران سمندری ہواؤں کی بندش اور مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا استعمال بڑھائیں اور دھوپ میں جانے سے قبل مناسب حفاظتی اقدامات کریں۔
ادھر سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی 24 اپریل کے بعد ایک اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہیٹ ویو کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی ہے۔