ہال روڈ مارکیٹ، انار کلی بازار، اردو بازار، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور اندرون شہر کی مارکیٹیں بند رہیں‘ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی
عالمی برادری اور حکومت پاکستان فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے خلاف موثر آواز اٹھائیں ‘ انصاف دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں:تاجر تنظیموں کا مطالبہ
لاہور،فیصل آباد(کامرس رپورٹر‘آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف تاجر برادری کی جانب سے لاہور اور فیصل آباد میں مکمل ہڑتال کی گئی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ۔تفصیل کے مطابق فلسطین میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف لاہور کی ہال روڈ مارکیٹ، انار کلی بازار، اردو بازار، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور اندرون شہر کی مارکیٹیں بند رہیں جبکہ بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ انتظامیہ نے مارکیٹیں معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کیا تھا اس کے علاوہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی گئی ۔علاوہ ازیں فیصل آباد کی تاجر برادری کی جانب سے بھی فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمعرات کو مکمل شٹر ڈان ہڑتال کی گئی ۔ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹس بند اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں ۔تاجر برادری نے کہا ہڑتال صرف ایک علامتی احتجاج نہیں بلکہ یہ پیغام ہے کہ پاکستانی عوام ظلم کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے عالمی برادری اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف موثر آواز اٹھائیں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔