بانی پی ٹی آئی نے پورے خیبر پختونخوا سے قافلے پشاور میں جمع کرنے کی ہدایت کردی :فیصل چودھری
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اصول اور نظرئیے پر ڈٹے ہوئے ہیں ان کا کہناہیکہ وہ کسی پریشر کے آگے نہیں جھکیں گے ،انہوں نے علی امین گنڈاپور کو ہدایات دی ہیں کہ8فروری کو پورے خیبرپختونخوا سے قافلے پشاور جمع ہوں گے اور شٹرڈائون کریں گے جبکہ عمر ایوب اس سب کے انتظامات مکمل کریں گے ،بانی پی ٹی آئی پرعزم اور حوصلے میں ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ کسی پریشر کے آگے نہیں جھکیں گے،بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، روایات کے مطابق جوخواتین سیاست میں حصہ نہیں لیتیں ان کو ٹارگٹ نہیں کیا جاتا،یہاں اخلاقی گراوٹ آچکی ہے کہ آپ خواتین کو بھی ان معاملات میں نہیں بخشتے۔ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے ہم ہر طرح کی مصیبت جھیلنے کو تیار ہیں،ان کاکہناہے کہ ہم جیلوں میں رہنے کو تیار ہیں لیکن اس آمریت اور یحییٰ خان پارٹ ٹو کو نہیں مانیں گے۔ ہم القادر یونیورسٹی کو کسی بھی صورت اہل رائیونڈ اور نواز شریفیہ خاندان کے ہتھے نہیں چڑھنے دیں گے۔ چیٹرز کبھی بھی نیوٹرل امپائرز کے ساتھ نہیں کھیلتے، ہم آج بھی نیوٹرل امپائرز کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں،جمہوریت کی سربلندی،آئین وقانون کی حکمرانی،آزاد عدلیہ و میڈیا اوربنیادی شہری حقوق کے تحفظ کا میچ تحریک انصاف کی جیتے گی۔