قوم کا مستقبل قدرتی وسائل سے نہیں ،علم سے متعین ہوگا: احسن اقبال

ا سلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، ہماری قوم کا مستقبل قدرتی وسائل سے نہیں بلکہ علم پیدا کرنے کی صلاحیت سے متعین ہوگا،پاکستان کے سائنسدان اور انجینئر ہمارے ترقی کے سفر میں مرکزی کردار کے حامل ہیں ، برآمدات پر مبنی معیشت اڑان پاکستان منصوبے کی نبض ہے،پاکستان کی برآمدات کو ٹیکسٹائل سے ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کرنے کی ضرورت ہے  ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان اکیڈمی آف سائنس میں منعقدہ سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ برائے ڈویلپمنٹ (STED)کے موضوع پر پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سائنسدان اور انجینئر ہمارے ترقی کے سفر میں مرکزی کردار کے حامل ہیں، پاکستان کی برآمدات کو ٹیکسٹائل سے ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کرنے کی ضرورت ہے، زراعت ٹیکنالوجی، صحت ٹیکنالوجی، تعلیم ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبے ہی ترقی کی کنجی ہیں ، پاکستان کو اپنا کھویا ہوا علمی ورثہ دوبارہ حاصل کرنا ہوگا