قدرتی وسائل کا تحفظ ملک کے پائیدار مستقبل کیلئے ناگزیر ہے: آصف زرداری

 زمین اور پانی کا غیر مناسب استعمال جنگلی حیات کے لئے سنگین خطرہ بن رہا ہے: عالمی یومِ جنگلی حیات پر پیغام
اسلام آباد (آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جنگلی حیات کے تحفظ کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے  قدرتی وسائل کا تحفظ ملک کے پائیدار مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ زمین اور پانی کا غیر مناسب استعمال جنگلی حیات کے لیے سنگین خطرہ بن رہا ہے۔ عالمی یومِ جنگلی حیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان حیاتیاتی تنوع سے مالا مال ملک ہے، جہاں جنگلات، آب گاہیں اور پہاڑی سلسلے ماحولیاتی استحکام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زمین اور پانی کا غیر مناسب استعمال جنگلی حیات کے لیے سنگین خطرہ بن رہا ہے، جبکہ جنگلات کے سکڑنے سے سیلاب اور زمین کے کٹاؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آب گاہوں کی تباہی براہِ راست کسانوں اور ماہی گیروں کو متاثر کرتی ہے، جبکہ ماحولیاتی توازن کمزور ہونے سے زرعی نظام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صدر زرداری نے اس امر پر زور دیا کہ جنگلی حیات کا تحفظ محض بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کا متقاضی ہے۔صدر مملکت نے یقین دہانی کرائی کہ کمیونٹی سطح پر تحفظ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی