سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثر انداز ہے، جس کے باعث کراچی میں آج اور کل موسم جزوی ابرآلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی پھوار پڑسکتی ہے، جبکہ موسم میں نمی کا تناسب بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ جیکب آباد، کشمور، شکارپور، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، دادو اور جامشورو کے چند مقامات پر آج اور کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔اسی طرح تھرپارکر اور عمرکوٹ کے چند علاقوں میں کل گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ رات ہونے والی ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 5.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں 3.5 ملی میٹر جبکہ نارتھ کراچی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بارش مقررہ پیمانے سے کم ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔