سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، مختلف علاقوں میں بوندا باندی

سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، مختلف علاقوں میں بوندا باندی

شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے باوجود گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہی، جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم اس سے موسم میں نمایاں تبدیلی نہ آ سکی اور شہری شدید حبس سے پریشان رہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد رہا، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں، تاہم ان کی رفتار کم ہونے کے باعث گرمی اور حبس میں خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے اور درجہ حرارت میں کمی آنے کی توقع ہے۔ادھر ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی موسمی صورتحال سے متعلق پیش گوئی جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔