اداکاری اور گلوکاری کے بعد ہانیہ عامر نے باکسنگ بھی شروع کردی

اداکاری اور گلوکاری کے بعد ہانیہ عامر نے باکسنگ بھی شروع کردی

پاکستانی شوبز کی معروف اور شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری اور گلوکاری کے ساتھ ساتھ باکسنگ کی تربیت بھی شروع کردی۔

پاکستانی ’ڈمپل گرل‘ ہانیہ عامر کو ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر باکسنگ کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں ہانیہ عامر کو باکسنگ کی مختلف تکنیکوں کی مشق کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں اداکارہ ٹرینر عثمان وزیر کی نگرانی میں باکسنگ کے بنیادی داؤ پیچ اور پنچز کی مشق کرتی نظر آتی ہیں، جس پر مداحوں کی جانب سے بھی دلچسپ ردعمل سامنے آرہا ہے۔عثمان وزیر نے واضح کیا ہے کہ ہانیہ عامر کی وائرل ہونے والی ویڈیو کسی کمرشل، ڈرامے یا فلم کی شوٹنگ کا حصہ نہیں بلکہ وہ حقیقت میں باکسنگ کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔

ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ باکسنگ چیمپئن کے مطابق ہانیہ عامر کو باکسنگ کا شوق ہے اور وہ اس کھیل میں باقاعدہ تربیت لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کی پہلی باضابطہ فائٹ کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔ہانیہ عامر اس سے قبل مختلف ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے ساتھ گلوکاری اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرچکی ہیں، تاہم باکسنگ کی تربیت ان کے مداحوں کے لیے ایک نیا اور دلچسپ پہلو ہے۔