علی ظفر نے کترینہ کیف کی حمایت میں مردوں کی بدنظمی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں آئینہ دکھا دیا

علی ظفر نے کترینہ کیف کی حمایت میں مردوں کی بدنظمی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں آئینہ دکھا دیا

ممبئی: پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر نے اپنی سابقہ ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ان کی بعد از زچگی باڈی شیمنگ پر تنقید کی ہے۔

علی ظفر اور کترینہ کیف نے 2011 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ دونوں فنکاروں کی یہ فلم اس وقت بھی شائقین میں خاصی مقبول ہوئی تھی۔علی ظفر نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں خواتین کے ماضی اور موجودہ حلیے کا موازنہ کرنے والی سوچ پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصاً مردوں کو اپنے رویوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، کیونکہ معاشرہ اکثر خواتین سے جسم، زندگی اور ظاہری شکل کے حوالے سے مخصوص معیار پر پورا اترنے کی توقع کرتا ہے۔اداکار نے کہا کہ کسی خاتون کے جسم یا ظاہری شکل کو اس انداز میں دیکھنا مناسب نہیں اور لوگوں کو دوسروں کے بارے میں اپنی سوچ اور رویے پر غور کرنا چاہیے۔علی ظفر نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی ماضی میں دوسروں کے حلیے پر تنقید کرچکے ہیں، تاہم اب وہ اس رویے کو درست نہیں سمجھتے اور اس حوالے سے اپنی سوچ میں تبدیلی کو تسلیم کرتے ہیں۔

دوسری جانب کترینہ کیف حالیہ دنوں اپنے شوہر اور اداکار وکی کوشل کے ہمراہ مختلف عوامی مقامات پر نظر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے وزن اور جسمانی حلیے سے متعلق تبصروں کا سامنا کر رہی ہیں۔علی ظفر نے سوشل میڈیا ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کترینہ کیف کی زندگی ہے، انہیں اپنی زندگی جینے دی جائے اور دوسروں کی زندگی پر توجہ دینے کے بجائے ہر شخص کو اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہیے۔علی ظفر کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خواتین کے جسم اور ظاہری شکل سے متعلق غیر ضروری تبصروں کے خلاف ایک واضح پیغام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔