دو شہریوں کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا، محکمہ اینٹی کرپشن سے تفصیلی جواب طلب
لاہور (یواین پی) اراضی انتقالات کے تنازعات میں اینٹی کرپشن کی مداخلت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے شہری کے اراضی تنازع میں اینٹی کرپشن کی انکوائری کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن کو دو شہریوں کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا ۔جسٹس خالد ابن عزیز نے شیخوپور کے رہائشی نصیب گجر کی درخواست پر سماعت کی ، درخواستگزار کی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو آئندہ سماعت سے قبل تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے ۔ درخواست گزارکی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار وں نے2013ء میں فاروق آباد میں 1980ء سے چلے آ رہے مالکان سے اراضی خریدی اور رجسٹری، انتقال اور قبضے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے ، 10برسوں بعد قبضہ مافیا کے اراکین شہزاد وغیرہ نے بھی درخواست گزاروں کی اراضی سے ملحقہ کچھ اراضی خریدی جس کے بعد درخواست گزاروں کی اراضی پر قبضہ کرنے کے لئے قبضہ مافیا کے اراکین نے ایک جعلی رجسٹری تیار کروائی تاہم درخواست گزاروں نے جعلی رجسٹری کا علم ہونے پراسے سول عدالت میں چیلنج کر دیا۔