لاہور ہائیکورٹ نے شیرانوالہ و ٹیکسالی گیٹ منصوبوں سے حکم امتناعی ختم کردیا

سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی بھی ختم کردی گئی ، گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری
 لاہور (یواین پی)لاہور ہائیکورٹ نے پبلک پارکس اور گرین بیلٹس کے تحفظ سے متعلق کیس میں اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے شیرانوالہ اور ٹیکسالی گیٹ پراجیکٹس پر عائد حکمِ امتناعی واپس لے لیا جبکہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کیس کی گزشتہ سماعت کا تفصیلی تحریری حکم جاری کیا، جس میں عدالت نے واضح کیا کہ متعلقہ منصوبے اب نئے منظور شدہ ریگولیشنز 2026ء کے مطابق آگے بڑھائے جاسکتے ہیں تاہم تمام قانونی تقاضوں کی مکمل پابندی لازمی ہوگی۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے قبل تمام ضروری قانونی اور ماحولیاتی تقاضے پورے کرے۔ عدالت نے درختوں کی کٹائی کے عمل کو سخت ضابطوں کے تحت لانے اور ری پلانٹیشن کو ریگولیشنز کے مطابق یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔مزید برآں عدالت نے کمیشن کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ہر مرحلے پر موثر نگرانی یقینی بنائیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں پر کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو