مکہ پر حوثیوں کا حملہ ناکام‘ فوج نے ڈرون تباہ کردیا مقدس مقامات کا تحفظ سرخ لکیر ہے:سعودی فوجی اتحاد

حوثیوں کا سعودی ایف 15 طیارہ گرانے کا دعوی‘ اقوام متحدہ نے  حملوں کو ناقابل قبول قرار دیدیا‘او آئی سی کی بھی  حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت
مقدس مقامات پر حوثی حملے مذہبی اور انسانی اقدار کے منافی ہیں: امام کعبہ‘پائپ لائن پر حملے کے بعد سعودی عرب نے  یورپ کو خام تیل کی سپلائی روک دی
ریاض،صنعا،نیویارک(آئی این پی )سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے  فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔ عرب میڈیا رپورٹس ے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ  ڈرون کو مکہ کے گرد ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک لیا گیا۔ سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور فوجی اتحاد حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کرے گا۔سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی۔ اس سے پہلے جولائی 2017 میں بھی مکہ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا‘دریں اثناء  یمن کے حوثی باغیوں نے یمن کے شمالی اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم صوبے مرب کی فضائی حدود میں سعودی عرب کے ایک ایف 15 جنگی طیارے کو مار گرانے کا دعوی کیا ہے۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق حوثی عسکری ترجمان یحیی سریع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی جنگی طیارے کو مرب کے اوپر جاری عسکری کارروائیوں کے دوران نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔تاہم یحیی سریع کی جانب سے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا،علاوہ ازیں سعودی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر عراقی ملیشیا کے ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب نے یورپ کو خام تیل کی سپلائی روک دی۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی آرامکو نے یورپی ریفائنریز کو خام تیل کے کارگو منسوخ اور موخر کر دئیے۔سعودی عرب کے فیصلے سے یورپ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے یمن کے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات پر حوثی حملے مذہبی اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔اپنے بیان میں شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسلام انسانی جان، مال اور عزت کے تحفظ اور جارحیت کی ممانعت کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے