وزیر اعظم شہباز شریف حجاز مقدس کے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے وزیر اعظم کے طیارے کو حصار میں لیتے ہوئے ریاض ائیرپورٹ تک محفوظ طور پر پہنچایا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس شاندار استقبال کو سعودی حکومت کی برادرانہ محبت اور افواج کی کامیابیوں کا مظہر قرار دیا۔ریاض ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر گئے ہیں، جہاں آج ہی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیر اعظم کل سعودی عرب سے برطانیہ روانہ ہوں گے اور وہاں دو روز قیام کے بعد نیویارک جائیں گے تاکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو سکیں۔ اجلاس میں فلسطین کے مسئلہ اور کلائمیٹ چینج پر پاکستان کے قومی مؤقف کو اجاگر کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ اس دوران وزیر اعظم کی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی ہو۔