پنجاب میں سیلاب کی شدت برقرار: 41 ہلاکتیں، 3243 دیہات زیرِ آب، 24 لاکھ سے زائد متاثرین

پنجاب میں سیلاب کی شدت برقرار: 41 ہلاکتیں، 3243 دیہات زیرِ آب، 24 لاکھ سے زائد متاثرین

پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کی شدت برقرار ہے اور متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

26 اگست سے اب تک مختلف واقعات میں 41 افراد ہلاک اور 32 سو دیہات متاثر ہوئے ہیں۔صوبائی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ صوبے کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور بعض مقامات پر شہری آبادیوں کو بچانے کے لیے بند میں شگاف ڈالے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کی جانب سے ستلج میں پانی چھوڑنے کے سبب پانی کا بہاؤ کم نہیں ہوا اور یہ اسی رفتار کے ساتھ جاری رہے گا۔عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بارش کے جاری سلسلے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ہیڈ سدھنائی اور محمد والا میں پانی کے اضافے کے باعث نظر بند توڑے جا سکتے ہیں اور ہیڈ محمد والا پر تمام قسم کی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ پانی بہاولپور اور بہاولنگر میں داخل ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ پانچ ستمبر تک بڑا ریلا پنجند کے مقام پر پہنچے گا۔صوبے کے 3243 موضع جات شدید متاثر ہوئے ہیں اور 395 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔