لاہور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں، 14 کلو منشیات برآمد ہوئیں
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر کے 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 14 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان کے مطابق ہتار روڑ ہری پور کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ گرفتار شخص نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ سرور شہید ٹول پلازہ کے قریب پاپڑوں سے بھرے ٹرک سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح لنک روڈ لاہور پر ہسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 2 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں