پولیس نے کاہنہ، ہربنس پورہ، لوئر مال اور گڑھی شاہو میں کامیاب کریک ڈاؤن کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کاہنہ چوکی لکھوکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش شفاقت کو بلیانوالہ کھوہ سے گرفتار کیا اور 1 کلو 360 گرام چرس برآمد کرلی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے ٹیم کو شاباش دی۔ اسی طرح ایس ایچ او گڑھی شاہو سہیل احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران اے کیٹیگری کے اشتہاری بلال اور وسیم کو گرفتار کیا جن پر 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش شعیب کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 1845 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم نے نہر کنارے نوجوانوں کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے ٹیم کو شاباش دی۔ علاوہ ازیں لوئر مال پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم امجد کو گرفتار کر کے 14 کلوگرام سے زائد افیون برآمد کی۔ پولیس کے مطابق ملزم پیدل ترسیل کے ذریعے منشیات سپلائی کرتا تھا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ منشیات فروشوں کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔