کھیلوں کے سامان ودیگر اشیا کی ترسیل بھی رک گئی ، ریونیو میں کمی
امریکا کے لیے ایک کلو پارسل کی فیس 50 ہزار روپے تک جا سکتی ہے:ذرائع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نئی ٹیرف پالیسی کے باعث پاکستان پوسٹ کی امریکا کو ڈاک کی ترسیل بند ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے پاکستان پوسٹ کے ذریعے کھیلوں کے سامان و دیگر اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔ پاکستان سے پوسٹ کے ذریعے پارسل و ڈاک کی ترسیل کے لحاظ سے امریکا دس بڑے ممالک میں شامل ہے، تاہم ترسیل بند ہونے سے پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں بھی کمی ہو گی۔پاکستان پوسٹ کے مطابق پہلے امریکا کے لیے ایک کلو گرام تک پارسل کی فیس ساڑھے پندرہ ہزار روپے مقرر تھی، لیکن نئی پالیسی کے تحت یہ فیس 50 ہزار روپے تک جا سکتی ہے۔ نئی ٹیکس پالیسی کے بعد امریکا کے لیے پوسٹل سروس کی بحالی کا امکان مستقبل قریب میں نظر نہیں آ رہا۔پوسٹ آفس حکام کے مطابق امریکا نے پارسل پر کم از کم 100 ڈالر مقرر کیے ہیں اور ایڈوانس ادائیگی کی شرط بھی عائد کی ہے۔ اس کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنے والی کارگو کمپنیوں پر جرمانے ہوں گے۔ اس شرط کے بعد ایئرلائنز اور کارگو سروس کمپنیوں نے پاکستان سمیت 70 سے زیادہ ممالک کے لیے ڈاک و پارسل سروس بند کر دی ۔پاکستان پوسٹ حکام کے مطابق کارگو ایئرلائنز کے پاس ایڈوانس ٹیکس ادائیگی کا کوئی نظام موجود نہیں جس کی وجہ سے شرط پوری کرنا ممکن نہیں۔ انٹرنیشنل پوسٹل یونین اور امریکی حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم ٹیکس پالیسی میں تبدیلی یا واپسی تک امریکا کے لیے پارسل و ڈاک کی بحالی ممکن نہیں۔