ڈاک خانوں میں بجلی بل وصولی بند

 یکم اپریل سے پوسٹ آفس کے ذریعے بل جمع کرانے کی سہولت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی: لیسکو حکام 
لاہور( خصوصی رپورٹ ) لیسکو نے سرکاری ڈاک خانوں میں بجلی کے بلوں کی وصولی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یکم اپریل سے پوسٹ آفس کے ذریعے بل جمع کرانے کی سہولت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ادائیگی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور متبادل ذرائع کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت ادائیگی کے لیے بل پر درج کیو آر کوڈ، کمرشل بینکوں، اے ٹی ایمز، موبائل بینکنگ ایپس اور دیگر مجاز ذرائع سے استفادہ کریں۔حکام کے مطابق ڈیجیٹل اور بینکاری ذرائع اپنانے سے نہ صرف ادائیگی کا عمل تیز اور آسان ہوگا بلکہ صارفین کو لمبی قطاروں اور اضافی وقت کے ضیاع سے بھی نجات ملے گی۔ لیسکو ترجمان نے واضح کیا کہ تمام مجاز بینک اور آن لائن پلیٹ فارمز بدستور بلوں کی وصولی جاری رکھیں گے۔