میکسیکو کی ٹک ٹاک اسٹار ماریان اِزاگیرے پُراسرار طور پر انتقال کر گئیں

میکسیکو کی ٹک ٹاک اسٹار ماریان اِزاگیرے پُراسرار طور پر انتقال کر گئیں

میکسیکو کی مشہور فیشن انفلوئنسر اور ٹک ٹاک اسٹار ماریان اِزاگیرے کئی دن لاپتہ رہنے کے بعد پُراسرار طور پر چل بسیں۔

ان کی موت نے مداحوں کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔مشیواکان کے اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق 23 سالہ ماریان دورانِ علاج شدید طبی پیچیدگیوں کا شکار ہوئیں اور دماغی طور پر مفلوج ہونے کے بعد انتقال کر گئیں۔ماریان کو یکم ستمبر کو لاپتہ قرار دیا گیا تھا جس پر ان کے اہلِ خانہ نے پولیس کو رپورٹ دی۔ پانچ دن بعد حکام نے انہیں مشیواکان کے شہر موریلیا کے ایک ہوٹل سے برآمد کیا، جہاں وہ کئی دن سے مقیم تھیں۔ ان کی گاڑی بھی وہیں سے ملی۔ امدادی عملے نے انہیں اسپتال منتقل کیا لیکن طبی حالت مزید بگڑتی گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

ماریان اِزاگیرے کے ٹک ٹاک پر 40 لاکھ سے زائد فالورز تھے۔ انہوں نے لاپتہ ہونے سے پہلے ایک 33 سیکنڈز کی ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ کلاؤن میک اپ میں اداس چہرے اور آنکھوں میں آنسو لیے موسیقی پر لب ہلا رہی تھیں۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا: ’’میری محبت کے سارے وعدے تمہارے ساتھ جائیں گے، تم کیوں جا رہے ہو؟‘‘اس ویڈیو نے مداحوں کو شدید تشویش میں ڈال دیا تھا، کمنٹس میں انہیں حوصلہ رکھنے اور محفوظ رہنے کی دعائیں دی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ ماریان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع البا الرٹ سسٹم کے ذریعے دی گئی تھی۔