عمر ایوب کا جیل حکام پر عدالتی حکم نہ ماننے کا الزام، بدعنوانی اور مہنگائی پر حکومت کو تنقید

عمر ایوب کا جیل حکام پر عدالتی حکم نہ ماننے کا الزام، بدعنوانی اور مہنگائی پر حکومت کو تنقید

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش کے باوجود بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جا رہی، جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت کے حکم کو بھی نظر انداز کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ "ہم بانی پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں تو ہمیں 40 سال کی قیدیں سنائی گئیں، فیصل آباد اور سرگودھا کی عدالتوں سے الگ الگ فیصلے آرہے ہیں۔"انہوں نے بدعنوانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر صدر آصف علی زرداری نے دستخط کیے تھے، جس میں 366 ارب روپے کی کرپشن درج تھی، لیکن نئے آڈیٹر جنرل نے کہا کہ بدعنوانی 10 کھرب روپے تک جا پہنچی ہے۔ "بعد میں کہا گیا کہ یہ ٹائپنگ غلطی ہے، اس سے بڑی ڈکیتی اور کیا ہو سکتی ہے؟" عمر ایوب نے کہا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مہنگائی کی وجہ غلط پالیسیوں کو قرار دیا اور کہا کہ "روٹی صرف سیلاب کی وجہ سے مہنگی نہیں ہوئی بلکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے قیمتیں بڑھیں۔ پنجاب نے فیصلہ کیا کہ کے پی کے کو ایک کلو آٹا بھی نہیں بھیجا جائے گا۔"انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اگر کوئی امداد پہنچانے جائے تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی جاتی ہے۔ "کہا جاتا ہے کہ امدادی تھیلے پر مریم نواز یا شہباز شریف کی تصویر کیوں نہیں لگی۔"