ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت میں ایشیا کپ کی ٹرافی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے موجودہ سربراہ محسن نقوی کے ہاتھ سے وصول نہیں کرنا چاہتے۔بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے سوریا کمار یادیو کا یہ پیغام باقاعدہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو پہنچا دیا گیا ہے، جس نے معاملے کو ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔واضح رہے کہ محسن نقوی نہ صرف پی سی بی کے سربراہ ہیں بلکہ اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے بھی چیئرمین ہیں۔دوسری جانب پی سی بی نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کو میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی تبدیلی کے حوالے سے خط لکھا ہے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ اینڈی پائیکرافٹ کے فیصلے متنازع ہیں اور انہیں فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم رہے گا۔ مزید برآں، پی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے ریفری کے خلاف کی جانے والی انکوائری کو محض رسمی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں نہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے مؤقف لیا گیا۔اس کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج طے شدہ میچ کے انعقاد پر بھی شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔