چین میں ایک دل کو چھو لینے والی محبت کی کہانی نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
یہ کہانی اُس وقت شروع ہوتی ہے جب ایک چینی خاتون، لیو ژیمئی، اور اُس کا خواب تھا کہ وہ اپنے ہیرو، لیانگ ژی بن، سے ملے۔ یہ خواب 2008 کے ہولناک وینچوان زلزلے کے دوران پورا ہوا، جب 22 سالہ فوجی اہلکار لیانگ کو ریسکیو آپریشن کے دوران بھیجا گیا۔ اس موقع پر، لیانگ نے 11 سالہ لیو کو ایک تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے زندہ بچایا، جہاں وہ دوسری منزل پر پھنس گئی تھی۔ لیانگ اور اس کی ٹیم نے چار گھنٹے مسلسل محنت سے ملبہ ہٹا کر اسے باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔اس واقعے کے بعد، لیو اپنے خاندان کے ساتھ ہونان کے شہر ژوجو واپس چلی گئی، اور وقت کے ساتھ، وہ لیانگ کی تصویر اور یادیں دل سے مٹا نہ سکیں۔ تاہم، قسمت نے ایک نیا موڑ لیا 2020 میں، جب لیو اپنی والدہ کے ساتھ چانگشا کے ایک ریسٹورنٹ میں تھی۔ وہاں، اس کی والدہ نے اچانک لیانگ کو پہچان لیا۔
یہ پہچان ایک نئی امید لے کر آئی، اور لیو نے ہمت دکھا کر ان سے بات چیت شروع کی۔ پھر، سوشل میڈیا کے ذریعے، دونوں کا رابطہ دوبارہ قائم ہوا۔وقت کے ساتھ، لیو نے اپنے دل کی بات کہہ دی اور یہ محسوس کیا کہ اس کی محبت سچی ہے۔ لیانگ بھی اس کی ایمانداری اور مثبت شخصیت سے متاثر ہوئے، اور انہوں نے اسے اپنی زندگی کی روشنی قرار دیا۔ یہ محبت کی کہانی اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جہاں لوگ اسے تقدیر کا لکھا ہوا عشق اور حقیقی پریوں کی کہانی قرار دے رہے ہیں۔ یہ کہانی محبت، قربانی اور قسمت کی خوبصورت مثال ہے، جو ثابت کرتی ہے کہ محبت کبھی مٹتی نہیں، اور قسمت بھی کبھی کبھی ہمیں ہمارے خوابوں سے ملوا دیتی ہے۔