اوبارو اور گردونواح میں حالیہ شدید بارشوں نے زراعت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے کاشتکاری کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔خاص طور پر کپاس کی تیار فصل، جو کٹائی کے قریب تھی، پانی میں ڈوب گئی جس کے باعث کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت ضائع ہوگئی اور پیداوار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ شدید مالی مشکلات میں گھر گئے ہیں، کیونکہ کپاس اوبارو کی اہم نقد آور فصلوں میں شمار ہوتی ہے۔ فصل کی تباہی سے نہ صرف کسانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کاشتکاروں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا سروے کرایا جائے اور نقصان کے تخمینے کے بعد کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ بارش کے پانی کے نکاس اور مستقبل میں زرعی زمین کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔