قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ویمنز ون ڈے میچ میں پاکستانی اوپنر سدرہ امین کی شاندار سنچری بھی قومی ٹیم کے کام نہ آسکی اور جنوبی افریقہ نے پاکستان کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ دوسرے ہی اوور میں شوال ذوالفقار صفر پر آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد سدرہ امین اور منیبہ علی نے دوسری وکٹ پر شاندار 147 رنز کی شراکت داری قائم کی، جو پاکستان ویمنز ٹیم کی دوسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 143 رنز کا تھا۔منیبع علی نے 76 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے، جبکہ سدرہ امین نے 150 گیندوں پر ناقابلِ شکست 121 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں پانچویں سنچری تھی۔ عالیہ ریاض نے 33 رنز جوڑ کر اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے آیابونگا کھاکا دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے ابتدا میں دو وکٹیں جلد گنوا دیں، مگر تیزمین برٹس اور ماریزان کیپ نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 216 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔
یہ جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ثابت ہوئی۔برٹس نے 101 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جو ان کی ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری تھی، جبکہ ماریزان کیپ نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 121 رنز اسکور کیے، جس میں 13 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی چوتھی ون ڈے سنچری تھی۔سیریز کے بقیہ دو ون ڈے میچز 19 اور 22 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم ہی میں کھیلے جائیں گے۔