دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

 پاکستانی ویمن ٹیم 10 فروری سے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔فاطمہ ثنا دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گی، جبکہ سائرہ جبین اور ہمنہ بلال کو پہلی بار قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، تسمیہ رباب اور نجیہہ علوی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔اس کے علاوہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، منیبہ علی، نصرہ سندھو اور عالیہ ریاض دونوں فارمیٹس کا حصہ ہوں گی۔ ڈیانا بیگ، نجیہہ علوی، صدف شمس اور سیدہ عروب کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ ہمنہ بلال، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور ایمان فاطمہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پری سیریز ٹریننگ کیمپ یکم سے 6 فروری تک کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، جو پوچف اسٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ کھیلا جائے گا، جبکہ ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں ہوں گے۔ دوسرے ون ڈے میچ کو ڈے اینڈ نائٹ رکھا گیا ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم پانچ سال بعد دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے۔ کوچنگ اسٹاف میں مینٹور وہاب ریاض، عمران فرحت، عبدالرحمان اور عبدالمجید شامل ہیں۔ ٹیم مینیجر عائشہ اشعر جبکہ میڈیا منیجر رضا راشد ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم 2021 کے بعد پہلی بار دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے، جبکہ فروری 2023 میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقہ میں شرکت کر چکی ہے۔ یہ دورہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔